شہیر حیدر سیالوی نے اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کردیا

پاکستان نظریاتی پارٹی آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،ہم خیال جماعتوں سے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحاد بھی کریں گے۔شہیر حیدر سیالوی

اسلام آباد(محمد آصف حسین رانا سے)سابق طلبا رہنما شہیر حیدر سیالوی نے سوموار کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران پاکستان نظریاتی پارٹی کے نام سے نوجوانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت کا اعلان کیا،شہیر حیدر سیالوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کو بتایاکہ انہوں نے گزشتہ دس سال طلبا سیاست میں نوجوانوں اور ملکی مسائل کیلئے محنت اور لگن سے کام کیا اور اس عرصہ میں انہیں مختلف کٹھن مراحل سے گزرنا پڑا جس میں دو دفعہ انہیں گرفتار بھی کیا گیا اور سلاخوں کے پیچھے بند کیا گیامگر وہ اپنے مشن سے نہ پیچھے ہوئے ہیں اور نہ ہوں گے۔پاکستان نظریاتی پارٹی بانیا ن پاکستان کے نظریے کے مطابق پاکستان کو حقیقی اور فلاحی ریاست بنائے گی،امیر غریب کی تفریق کو ختم کرنا ہمارا یک نقطہ ایجنڈا ہے،یکساں نصاب تعلیم کے ساتھ سرکاری افسران کے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھیں گے تو طبقاتی نظام کا خاتمہ ہوگا،میٹرک تک تعلیم مفت اور لازمی قرار دیں گے سی ایس ایس سمیت تمام امتحان اور تعلیم قومی زبان اردو میں ہوگی البتہ پانچ بڑی زبانوں انگریزی،چائنیز،عربی،جرمن اور فرانسسی میں سے کوئی ایک زبان سیکھنا لازمی ہوگا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کہتے ہوئے شہیرحیدر سیالوی نے کہا کہ وہ معاشی اصطلاحات کا جامع پلان رکھتے ہیں،برآمدات کو بڑھا کو درآمدات کو کم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں گے،زرعی اصلاحات،جاگیردانہ،بدعنوانی،موروثی سیاست کا خاتمہ پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔انتخابات میں کارکردگی اور تعلیم کی بنیاد پر نوجوانوں کو ترجیح بنیادوں پر ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ملکی خارجہ امور پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نظریاتی پارٹی برابری کی بنیاد پر تمام ہمسایہ ممالک سے تعلقات استوار کرنے کی حامی ہے۔ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو بقا کیلئے جہاں اچھی معیشت کا ہونا ضروری ہے وہیں ناقابل تسخیر دفاع کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے،اس سلسلے میں موجودہ صورتحال برقرار رکھی جائے گی۔اقلیتوں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق پاکستان میں تمام اقلیتوں کوان کے مذہب کے مطابق جینے کا حق دیا جائے گا،تاہم اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ کوئی کسی دوسرے کے مذہب کی توہین بھی نہ کرے۔ایک سوال کے جواب میں شہیر سیالوی کا کہنا تھا کہ وہ بلدیاتی وعام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے اور ہم خیال جماعتوں سے اتحاد بھی کریں گے۔پاکستان نظریاتی پارٹی کا منشور بیان کرتے ہوئے شہیرسیالوی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ فرسودہ نظام کی تبدیلی،تعلیم،صحت اور انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق کیلئے ضلع کی سطح پر مانیٹرنگ اور شرعی عدالتوں کا قیام اولین ترجیح ہوگا،نوجوانوں بالخصوص خواتین کیلئے ہنرکی تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کریں گے،پولیس اصطلاحات اور خصوصی افراد کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ بیرونی سودی قرضوں سے فوری چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے قومی آمدن پر ہی اکتفا کریں گے۔

مکمل پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button