ماہ مقدس میں عوام الناس کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہمی کے لئے رمضان بازاروں کے انعقاد


جس کے تحت ضلع کی ہر تحصیل میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں رمضان بازاروں کا انعقاد کیا جائے گا اور ہر رمضان بازار میں فیئر پرائس شاپ بھی قائم کی جائے گی
ضلعی انتظامیہ نے آئندہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران ضلع میں عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کے لئے رمضان بازاروں کے انعقاد کے سلسلہ میں فریم ورک مرتب کر لیا ہے جس کے تحت ضلع کی ہر تحصیل میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں رمضان بازاروں کا انعقاد کیا جائے گا اور ہر رمضان بازار میں فیئر پرائس شاپ بھی قائم کی جائے گی ۔ یہ بات ڈپٹی عدنان ارشاد کے زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں سیکیورٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر ضحی شاکر، اے ڈی سی جی احمد جواد سردار ، اے ڈی سی ایف اینڈ پی جاوید بشیر ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں رمضان بازاروں کا آغاز رمضان المبارک سے چار روز قبل کر دیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان ازشاد نے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت رمضان بازاروں کے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ انتظامی اعتبار سے احسن انعقاد کے ذریعے ضلع بھر کے رمضان بازاروں کو ماڈل بنایا جائے اور صارفین کے لئے سستے سٹالز پر معیاری اشیائے ضروریہ کی ہمہ وقت دستیابی و فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے میونسپل اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متعلقہ علاقوں کے رمضان بازاروں کے مقامات پر عمدہ ترین صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسرہو سکے ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان ارشاد نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام الناس کو عام بازار میں بھی معیاری اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں سخت چیکنگ کر کے گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مارکیٹ میں ڈیٹرینس برقرار رکھ کر گراں فروشی کے رجحان کا سد باب یقینی بنایا جا سکے

مکمل پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button