عدت نکاح کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ملتوی

حافظ آباد (راجا جاوید ظفر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے اپیلیں جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے تاہم شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے کوئی بھی عدالت پیش نہ ہوا،اس موقع پر وکیل عثمان ریاض نے دلائل دیئے کہ عدالت سماعت کیلئے کوئی ایک وقت مقرر کر دے، اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت میں بھی پیش ہونا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے خاور مانیکا کے وکیل کے آنے تک کیس کی سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کر دیا،وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو جج نے دریافت کیا کہ آپ اپیلوں پر جلد سماعت چاہتے ہیں یا سزا معطلی پر سماعت چاہتے ہیں؟ وکیل عثمان گل نے جواب دیا کہ عدالت شکایت کنندہ کے کنڈکٹ کو بھی دیکھے،جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے شکایت کنندہ کو نوٹس کیا تھا وہ نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں، عدالت کیس سنے گی۔ جج افضل مجوکا نے مزید ریمارکس دیئے کہ بشریٰ بی بی کی حد تک صرف اپیل فکس نہیں کر سکتے، اس طرح سے عدالت کا مائنڈ ظاہر ہوتا ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان دونوں کی جانب سے اپیل ہوتی تو عدالت سماعت کے حوالے سے بہتر پوزیشن میں ہوتی، اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ عدالت دس منٹ کا وقت دے دے، ہم عمران خان کی طرف سے بھی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی سزا معطلی اور اپیلوں پر جلد سماعت کی درخواست دینے کیلئے وکلا کو مہلت دے دی،عدالت نے کیس کی سماعت میں دس منٹ کا وقفہ کر دیا۔ سماعت کے دوبارہ آغاز پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بھی عدت میں نکاح کیس کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست دائر کر دی گئی، عدالت نے درخواست کے ساتھ بیان حلفی لگانے کی ہدایت جاری کی،وکیل نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ عدالت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خود بھی دونوں کی درخواستوں کو ایک ساتھ مقرر کر سکتی ہے، تاہم اس کے باوجود ہم عمران خان کی جانب سے درخواست دے رہے ہیں۔ جج نے کہا کہ ایک ملزم کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست آئی، عدالت نے چیزوں کو بیلنس کرنا ہوتا ہے، سادہ کاغذ پر درخواست دی گئی ہے، بیان حلفی درخواست کے ساتھ لگائیں، درخواست میں کسی کو پارٹی نہیں بنایا گیا ہے،وکیل نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ پہلی عدالت میں کیس کا فیصلہ محفوظ تھا تاہم دوسری عدالت کو کیس ٹرانسفر کر دیا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت جلد مقرر کرنے اور سزا معطلی کی اپیلوں پر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔

مکمل پڑھیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button